
واشنگٹن : امریکا نے اسرائیل کو غزہ میں امداد کی تقسیم میں ناکام سمجھتے ہوئے اسے اپنے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے پیر کو صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں انسانی امداد کی فراہمی میں امریکی کردار کو نمایاں طور پر بڑھانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کا انتظام سنبھالے گی کیونکہ اسرائیل اسے مناسب طریقے سے نہیں سنبھال رہا ہے۔ اہلکار نے یہ نہیں بتایا کہ امریکی کردار اصل میں کیا ہوگا لیکن کہا کہ قطر جیسے خلیجی ممالک فنڈز دیں گے، جب کہ اردن اور مصر بھی اس میں شامل ہوں گے۔


































