تحریر: تصور حسین شہزاد
پاکستان میں ایک گریٹ گیم کا آغاز ہوچکا ہے، اس گیم کا مقصد صرف اور صرف اسرائیل کو تسلیم کروانا ہے۔ گریٹ گیم کا سرغنہ امریکہ ہے، جس کی مدد کیلئے پاکستان کے اندر سے ہی مہرے استعمال ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے اپوزیشن میں شامل ایک بڑی جماعت کو استعمال کیا جا رہا ہے، اسی جماعت کے ذریعے ہی ایک مذہبی جماعت تک بھی رسائی حاصل کی گئی اور پھر ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش تیار ہوئی۔ حکومت کو اس سازش کا علم ہوگیا اور حکومت نے مذکورہ مذہبی جماعت کے تمام مطالبات تسلیم کرکے ملک میں خانہ جنگی کی مجوزہ فضا بننے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ امریکہ کی پاکستان میں موجود ناظم الامور نے اپوزیشن میں شامل بڑی جماعت کے قائدین سے لاہور میں آکر ملاقاتیں کیں، انہیں مذہبی جماعت سے رابطے اور ان کی مالی مدد کا ہدف دیا گیا۔
لاہور کے ایک ایم این اے اور دو ایم پی ایز کے ذریعے مذہبی جماعت سے رابطہ کیا گیا اور یوں ایک لانگ مارچ کا اعلان ہوا۔ سادگی کہیئے کہ مذکورہ مذہبی جماعت کے قائدین اور کارکن صرف حرمت رسول (ص) کے نام پر ’’امریکی مفاد‘‘ کیلئے قربان ہوگئے۔ اس تصادم میں 6 پولیس والے اور بقول مذہبی جماعت 8 ان کے کارکن اپنی جانوں سے گئے۔ مذہبی جماعت نے جو مطالبات کئے، ان میں ان کے قائد کی رہائی، گرفتار رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف مقدمات کا خاتمہ، فورتھ شیڈول میں شامل ارکان کے نام کا اخراج، فریز کئے گئے اکاونٹس کی بحالی اور کالعدم کا لیبل ہٹوانا شامل تھا۔ مطالبات کی پوری فہرست میں کہیں بھی حرمت رسول (ص) کا ذکر نہیں آیا۔
امریکہ نے اسرائیل کو تسلیم کروانے کیلئے پاکستان پر ایک دم دو طرفہ حملہ کیا ہے۔ ایک طرف سے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو نشانہ بنایا ہے، دوسری جانب معاشی طور پر مہنگائی کا ماحول بنوا دیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے قائم ہی اسی مقصد کیلئے کئے گئے ہیں کہ جب ضرورت پڑے، کسی بھی مقروض ملک کی گردن دبوچ لی جائے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک پہلے قرضہ دیتے ہیں، پھر قرضے کی واپسی کیلئے شرائط اور آمدن کا پلان بھی خود دیتے ہیں۔ حالانکہ قرضہ واپس کیسے کرنا ہے، یہ فکر مندی مقروض کو ہونی چاہیئے، مگر یہاں معاملہ اُلٹ ہے، آئی ایم ایف ہو یا ورلڈ بینک، قرضہ دینے سے پہلے اس کی وصولی کا پلان دیتے ہیں اور مقروض کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ انہی کے پلان پر من و عن عملدرآمد کرے گا۔
آئی ایم ایف کی پاکستان میں موجود ٹیم انتہائی چالاکی کیساتھ کام کر رہی ہے، حکومت اس پر اس لئے اعتبار کر رہی ہے کہ وہ پاکستانی ہیں، مگر شائد ہمارے حکمران بھول گئے ہیں کہ وہ ہیں پاکستانی مگر ملازم آئی ایم ایف کے ہیں، یہ انہیں کے مفادات کے تحفظ کیلئے یہاں تعینات کئے گئے ہیں، ان سے اس بات کی امید لگانا کہ یہ پاکستانی ہے، کبوتر کی طرح آنکھیں موند لینے کے مترادف ہے۔ پاکستان میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں، بجلی کے بھاری بھرکم بلوں، آٹا اور چینی کے بحران کے پیچھے منظم سازش کار فرما ہے۔ ہمارے کچھ عرب دوست بھی ہم سے زیادہ استعمار کے دوست ہیں۔ بالخصوص سعودی عرب اور یو اے ای، جنہیں ہم اپنا پکا اور سچا دوست سمجھتے ہیں، ان کے مفادات ہم سے زیادہ استعماری قوتوں کیساتھ ہیں، وہ بھی انہی کے آلہ کار کے طور پر ہمارے ساتھ معاملات رکھتے ہیں۔
پاکستان کو جب پہلے یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کر لے تو آئی ایم ایف سے بھی نجات مل جائے گی اور دیگر مسائل بھی حل کر لئے جائیں گے۔ مگر پاکستان نے واضح اور دوٹوک انداز میں انکار کر دیا۔ جس کے بعد کھلی دھمکی دیدی گئی کہ اب تیار ہو جائیں، آپ کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان کی تباہی کے اس پلان میں ہمارے اپوزیشن میں موجود بڑے بڑے محب وطن سیاستدان بھی شامل ہیں۔ ان کو بھی اس وعدے پر استعمال کیا جا رہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے نجات دلا کر اقتدار ان کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اقتدار کے اس لالچ میں یہ سیاستدان اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ انہیں اس بات کا احساس ہی نہیں کہ ان کے اس رویئے سے حکمران نہیں بلکہ پاکستان متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان کو ایک بار پھر متحرک کرنے کا مںصوبہ تھا، پاکستان افغان طالبان کے تعاون سے ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات شروع کرکے اس سازش کا بھی توڑ کر رہا ہے۔ ملک میں حکومت کے اس اقدام کی اچھی خاصی مخالفت ہو رہی ہے، لیکن زمینی حقائق کے مطابق حکومت جن جن کیساتھ معاہدے یا مذاکرات کر رہی ہے، وہ وسیع تر قومی مفاد میں کر رہی ہیں۔ پاکستان کیخلاف سازشیں کرنیوالوں کو آسانی سے آلہ کار مل جاتے ہیں، جو ’’امریکہ کی خوشنودی کیلئے کام کرنا عبادت سمجھتے ہیں۔‘‘ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پُرامن فضا کو خراب کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ اب حکومت نے اس سارے معاملے کو کاونٹر کرنے کیلئے نئی حکمت عملی تشکیل دی ہے۔ اس میں ایک صفحے پر رہنے والے کچھ اپنے ناراض بھی ہوئے ہیں، کیونکہ اپنوں کے بھی امریکہ کیساتھ مضبوط رابطوں کا چرچا ہے۔
اس الزام میں کہاں تک صداقت ہے، کچھ نہیں کہا جا سکتا، حمید گل نے بھی ایک دفعہ اس کا اعتراف کیا تھا، وہ ویڈیو اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔ لیکن حالیہ بحرانی کیفیت سے پاکستان کیسے نکلے گا، اس حوالے سے حکومت نے اپنی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ حکومتی ذمہ داران کہتے ہیں کہ ایک بات تو طے ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، اس کیلئے جو ’’بھاری نقصان‘‘ کی دھمکی دی گئی ہے، پاکستان اس کو برداشت کرنے کیلئے تیار ہے، لیکن اس کیلئے عوام کو آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی، کیونکہ عوام کو بھی سازش کا شکار کرنا استعماری ایجنڈے کا حصہ ہے۔ عوام کو مشتعل کرکے حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکالا جائے گا، یوں ملک کی فضا میں بدامنی کی ایک نئی لہر اٹھائی جائے گی۔ جس میں استعمار کی کوشش ہوگی کہ حکومت بہہ جائے۔ مگر اس لہر کو کیسے کاونٹر کرنا ہے، اس کا علاج بھی حکومت نے سوچ رکھا ہے۔
































