
اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق انڈین دعوے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انڈیا کے یک طرفہ اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔ ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے۔ ترجمان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سرکاری نقشوں میں مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ دکھایا گیا ہے، جبکہ انڈین سرکاری نقشوں اور یک طرفہ خود مختاری کے دعوؤں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ انڈیا جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ انڈیا کو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا وعدہ پورا کرنے پر مجبور کرے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام یقینی بنائے۔


































