
کراچی : پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی غیر آئینی رولنگ کیخلاف عوام کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے ڈی چوک، ایف نائن پارک اور لاہور کے لبرٹی چوک پر مظاہرہ کیا۔ کراچی میں تین تلوار اور نرسری پر احتجاج کے باعث سڑک بند ہونے سے نرسری سے بلوچ کالونی پُل تک ٹریفک جام ہوگیا۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ کارکنان نے پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے انتخاب کے معاملے پر خوب نعرے بازی کی۔ پشاور کی ہشت نگری میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک ٹریفک کے لئے بند کردی۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔راولپنڈی میں چاندنی چوک، کوئٹہ میں منان چوک، فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر اور سیالکوٹ میں بھی مظاہرے کئے گئے۔حیدر آباد میں حیدر چوک پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے اور نعرے بازی کی۔ اس دوران تصادم کے باعث پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔


































