
واشنگٹن : سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ صدر بن کر بعض مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی کا منصوبہ بنالیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع مضمون کے مطابق ٹرمپ اور اُن کے ساتھیوں نے دوبارہ صدر بننے پر پالیسیوں میں بنیادی تبدیلیوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ غیر قانونی تارکین کی ملک بدریوں میں دس گنا اضافے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جبکہ تارکین وطن کی گرفتاریوں کے لیے نیشنل گارڈز اور فوج تعینات کی جاسکتی ہے۔ نیویارک ٹائمز نے لکھاکہ تارکین کیلئے حراستی مراکز بنائے جائیں گے جس کیلئے فوجی فنڈز استعمال ہوں گے۔ ٹرمپ دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ امریکا سے تارکین وطن کو لے جائیں۔ مضمون کے مطابق ٹرمپ بعض مسلم ملکوں کے لوگوں کا امریکا میں داخلہ بند کرنے اور غیر قانونی تارکین کے امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی شہریت پر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وہ صدر بائیڈن، اُن کے اہلِ خانہ اور اپنے تمام سیاسی مخالفین کے خلاف بھی مقدمات شروع کریں گے جس کیلئے صدارتی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔


































