
تہران : ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کی تمام شرائط تسلیم کیے جانے تک امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ابراہیم عزیزی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے عزم کو دوبارہ آزمانے کی کوشش امریکا کی شکست کو مزید رسوا کن بنا دے گی۔ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی سطح پر کیا جانے والا جرم جواب کے بغیر نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے اس سے بھی زیادہ تباہ کن، تکلیف دہ اور سبق آموز جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایسا جواب امریکا کی شکستوں کے سلسلے کو مکمل کر دے گا۔


































