
تل ابیب: اسرائیل کے برطرف وزیر دفاع یووا گیلنٹ نے کہا ہےکہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں مزید رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ غزہ میں قید اسیروں کے اہل خانہ سے ملاقات میں یووا گیلنٹ نے کہا کہ غزہ میں کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں بچا ہے۔ بڑی کامیابیاں اور تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے استحکام کے لیے غزہ میں موجودگی برقرار رکھنے کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا نامناسب خیال قرار دیا۔ گیلنٹ نے دعویٰ کیا کہ خفیہ ایجنسی شن بیٹ اور موساد کے سربراہان اور چیف آف اسٹاف ان کے خیالات سے متفق ہیں۔ گیلنٹ نے کہاکہ انہوں نے جولائی کے اوائل میں نیتن یاہو کو مشورہ دیا تھا کہ معاہدے کے لیے حالات سازگار ہیں لیکن یہ تجویز نیتن یاہو کے نکتہ نظر کے برعکس تھی کیونکہ وہ ذاتی مقاصد کے لیے فوج کو غزہ میں رکھے ہوئے ہیں۔


































