
نیویارک: اقوام متحدہ نے انروا پر پابندی لگانے والے اسرائیل کو صاف کہہ دیا ہے کہ اس ریلیف ایجنسی کا متبادل سامنے لانا اسرائیل کی ذمہ داری ہے ہماری نہیں۔
اقوام متحدہ نے انروا کے خلاف پابندی لگانے پر اسرائیل کو پہلی بار باقاعدہ طور پر لکھے گئے خط میں ردعمل دیا ہے۔ خط میں اقوام متحدہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں ایجنسی کے آپریشنز کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ غزہ اور مغربی کنارے میں ریلیف کے لیے کیا کرنا ہے یہ اسرائیل کا مسئلہ ہے۔ انروا کے سربراہ لازارینی نے جنرل اسمبلی کو بتایا تھا کہ انروا کے آپریشنز کی بندش سے بہت سنگین مضمرات اور مسائل کا سامنا ہوگا۔
ادھر ترکیہ نے انروا پر پابندی کو جنرل اسمبلی پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ترک سفیر احمد یلدیز نے کہا کہ انروا لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے لائف لائن رہا ہے۔ پابندی سے جنگ زدہ علاقوں میں امدادی آپریشن متاثر ہوگا۔


































