
واشنگٹن: امریکا نے ثالثوں کے ذریعے حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی امید باندھ لی۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہےکہ امریکی حکام سمجھتے ہیں معاہدے تک پہنچنے کے امکانات ابھی موجود ہیں۔ اگلا قدم قطری اور مصری ثالثوں کے لیے حماس سے بات کرنے کا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ثالث جلد ہی حماس کے عسکریت پسندوں سے رابطہ کر کے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ آیا امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز کو آگے بڑھانے کا کوئی طریقہ ہے۔جیک سلیوان نے کہا کہ امریکی حکام نے حماس کے ردعمل کا بغور جائزہ لیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ ترامیم غیر متوقع نہیں ہیں اور ان کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے کسی وقت ہم آپ کو یہ رپورٹ کرنے کے قابل ہو جائیں گے کہ ہمارے خیال میں چیزیں کہاں کھڑی ہیں اور ہم اس جنگ کو روکنے کی کوشش کرنے کے اگلے قدم کے طور پر کیا دیکھتے ہیں۔


































