
تل ابیب: اسرائیل اخبار ہارٹیز نے بھی تسلیم کیا ہے کہ صیہونی فوج شمالی غزہ میں نسلی صفائی کررہی ہے۔ اسرائیلی اخبار ہارٹیز نے اپنے اداریہ میں لکھا کہ نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی نسلی صفائی کا آپریشن کررہی ہے۔ اخبار نے لکھا کہ علاقے میں باقی رہ جانے والے چند فلسطینیوں کو زبردستی نکالا جا رہا ہے۔ مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں چوڑی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں اور غزہ شہر کے مرکز سے شمالی پٹی میں کمیونٹیز کی علیحدگی کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ اداریہ میں فلسطینی حکام، عینی شاہدین اور صحافیوں کے بیانات کی بازگشت ہے جنہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل شمالی غزہ میں نسلی صفائی کی مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے فوجی دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ اس کی کارروائی کا مقصد صرف حماس کے جنگجوؤں کو علاقے میں محدود کرنا ہے۔


































