
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے منصفانہ فیصلے سے عدالتوں کا وقار بلند ہوا ہے، عوامی مینڈیٹ کو فتح ہوئی اور رجیم چینج کے امریکی منصوبے کے لئے کام کرنے والوں کو رسوائی و ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بیدار ہوچکے ہیں، وہ پاکستان کو ہر طرح کی بیرونی مداخلت سے آزاد ریاست دیکھنا چاہتے ہیں، غلامی نامنظور کا نعرہ گلی محلے کی آواز بن چکا ہے، ملک اور قوم کو بھکاریوں اورغلاموں سے آزاد کرانے کےلئے طویل، صبرآزما اورطولانی جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورنر راج کا راگ الاپنے والوں کو ماڈل ٹاؤن کیس میں اپنا بھیانک انجام نظر آنا شروع ہوگیا، اقتدار کو بچانے کے لئے آئین سے کھلواڑ کی کوشش ایک اور سنگین غلطی ہوگی، پاکستان کے عوام مہنگائی کے دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں اور امپورٹڈ حکومت اپنا سارا زور اپنی حکومت کو بچانے پر صرف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ اپنا سیاسی مقام کھوچکی ہے، پاکستان کی سیاست میں اب اس کی کوئی جگہ باقی نہیں رہی، جو قوتیں امریکی عزائم کو کامیاب بنانے کے لئے رجیم چینج کا حصہ بنیں، انہیں قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، قومی انتخابات میں ان کا احتساب کیا جائے گا۔


































