
گلگت : قائد گلگت بلتستان و امام جمعہ والجماعت آغا سید راحت حسین الحسینی نے فائرنگ کے واقعے کو امن دشمن قوتوں کی سازش قرار دیتے ہوئے تمام شیعیان حیدرکرارؑ سے پر امن رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ یاد گار کے اردگرد کئی جگہوں سے ہماری گاڑی پر فائرنگ کا منصوبہ بناہوا تھا اللہ تعالیٰ نے ہمیں بچایا، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ علاقے میں کسی بھی شہری کی جان ومال کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔گلگت بلتستان کے تمام سنی ہمیں اپنے سگے بھائیوں کی طرح دل و جان سے عزیز ہیں اور میں ان سے دلی محبت کرتا ہوں۔ خبردار !!! مجھ پر حملے کا بہانہ بنا کر دانستہ یا غیر دانستہ طور پر یا کسی سازش کا شکار ہو کر اپنے کسی بھی سنی بھائی کو کوئی تکلیف نہ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک عام سنی مزدور، کاروباری، نوکر شخص یا مسافر کا اس مسئلے سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ محرم کے دوران گلگت بلتستان کے پرامن فضاء کو خراب کرنے کی سازش ہے لہذا شیعیان حیدرکرارؑ ہر قیمت پر صبرو تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور اپنے اتحاد و وحدت سے گلگت بلتستان کے امن کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں۔


































