
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شہید حسن نصر اللہ کے حزب اللہ کو طاقتور بنانے میں غیر معمولی کردار اور ان کی بہادری اور حکمت عملی کو سراہا۔ مجلس خبرگان کے اراکین سے ملاقات کے دوران ولی امر مسلمین نے حزب اللہ اور حماس کی مقتدرانہ مزاحمت کے تسلسل کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ خدا کی مدد کے ناقابل تردید وعدوں اور گزشتہ دہائیوں میں حزب اللہ اور حماس کی فاتحانہ محاذ آرائی کے تجربات کی بنیاد پر حالیہ دنوں کے واقعات یقینی طور پر حق اور مزاحمت کے محاذ کی فتح کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے حزب اللہ کو شہید نصر اللہ کی لازوال یاد قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ حزب اللہ نے سید مقاومت کی جرأت، تدبر، صبر اور پختہ اعتقاد کی بدولت غیر معمولی ترقی حاصل کی کہ دشمن ہر قسم کے ہتھیاروں اور پروپیگنڈہ کے طاقت سے لیس ہونے کے باوجود اس حیرت انگیز تحریک پر غلبہ نہیں پا سکے اور خدا کے فضل سے آئندہ بھی نہیں پا سکیں گے۔ انہوں نے غزہ اور لبنان کے جرائم میں امریکہ اور بعض یورپی ممالک کے واضح خونی ہاتھوں کا ذکر کرتے ہوئے لبنان، غزہ اور فلسطین میں مزاحمت کے تسلسل کو حق کے محاذ کی فتح قرار دیا اور کہاکہ تحریک مزاحمت کی فتح کے امکانات کی ایک وجہ وعدہ الٰہی ہے جو جہاد کی اجازت کے بعد مظلوموں کو تاکید کرتا ہے کہ اگر تم خدا کی مدد کرو گے تو خدا کی مدد کا حصول یقینی ہے۔
انہوں نے صیہونی جارحوں کے خلاف گزشتہ چند دہائیوں کی مزاحمتی فتوحات کے تجربے کو حق کے محاذ کی حتمی فتح کے حصول کی ایک اور واضح وجہ قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ 40 سالوں کے دوران حزب اللہ نے صیہونی حکومت کو مختلف مراحل میں شکست دی ہے۔ بیروت، صیدا اور صور کے شہر اور آخر کار اس نے جنوبی لبنان سے مکمل طور پر دستبردار ہونے پر مجبور کیا اور اس ملک کے شہروں، دیہاتوں اور بلندیوں کو اس رجیم کے ناپاک وجود سے خالی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی فاتحانہ تجربہ فلسطینی مزاحمت کا بھی ہے۔ وہ 2008 سے اب تک 9 مرتبہ صیہونی حکومت سے لڑ چکے ہیں اور 9 بار اس حکومت کو شکست دے چکے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ اور سید صفی الدین جیسی عظیم ہستیوں کو کھونے کے باوجود حزب اللہ اپنے اعلیٰ روحانی جذبے کے ساتھ میدان میں موجود مجاہدین کے ذریعے ایک مضبوط جنگ لڑ رہی ہے اور دشمن اس پر غلبہ نہیں پا سکا ہے اور نہ آئندہ پا سکے گا۔ انہوں نے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اور خطہ ایک ایسا دن دیکھے گا جب صیہونی حکومت کو ان مجاہدین کے ہاتھوں واضح طور پر شکست ہو گی۔ ہمیں امید ہے کہ آپ سب اس دن کا مشاہدہ کریں گے۔


































