Thu Nov 26, 2026

اسرائیل کیمیائی ہتھیاروں کا بہانا بنا کر امریکا کو ایک نئی جنگ میں گھسیٹنے کی سازش کررہا ہے، عباس عراقچی حماس کی اپنے رہنماؤں کے تازہ اسرائیلی حملوں میں قتل کی مذمت، جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مداخلت کا مطالبہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول مزید سخت، نئے نگرانی اور دفاعی نظام نصب کرنے کا اعلان یوکرین جنگ میں 7 لاکھ سے زیادہ روسی فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ، یمنی فوج نے جدہ اور جازان کو نشانہ بنا دیا ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کی اعلیٰ قیادت کو قتل کرنے کے امکان پر غور آبنائے ہرمز میں دو امریکی ڈرون لوکاس اور ایم کیو 9 تباہ کر دیئے، ایران جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز امریکی عوام ایران کخلاف جنگ ​​کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں، سروے رپورٹ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، قالیباف امریکی محاصرے کو توڑنے کے لیے پُرعزم ہیں، محسن رضائی پہلا پاکستانی محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گیا آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ

روزانہ کی خبریں

کرم ایجنسی کے دہکتے مسائل اور لڑائیوں کے خطرات

تحریر: ارشاد حسین ناصر

کرم ایجنسی جو اب ضلع کرم کہلاتا ہے پاراچنار اس کا صدر مقام ہے، کرم کا بارڈر افغانستان کیساتھ ملتا ہے، اس لیئے افغانستان کے حالات و واقعات اس پہ گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، اس کی جہاں دیگر وجوہات ہیں وہاں اس خطے کے قبائل کا سرحد پار کے لوگوں سے گہرے خاندانی، علاقائی، کاروباری اور ثقافتی و مذہبی روابط و مشترکات بھی ہیں۔ افغانستان میں طالبان مخالف حکومت تھی تو یہ روابط تب بھی تھے، مگر کچھ تبدیلی و ترجیح کے بدلاءو کیساتھ، اب جب طالبان برسر طاقت ہیں، تب بھی یہ روابط موجود ہیں، اور اپنا اثر رکھتے ہیں اور دکھاتے ہیں، کرم ایجنسی چونکہ دو حصوں میں تقسیم ہے جس میں اپر کرم اور لوئر کرم، بعض حوالوں سے اس کا ایک اور حصہ یعنی سنٹرل کرم بھی ہے، اپر کرم میں اکثریت اہل تشیع کی ہے جبکہ لوئر کرم میں میں اہلسنت یعنی وہابی، دیوبندی اور سنی فرقوں کے لوگ زیادہ ہیں جبکہ سنٹڑل کرم میں آبادی کا تناسب شاید ایک جیسا ہو کہ کہیں اہل تشیع کے گاءوں ہیں تو کہیں بیچ میں اہل تسنن کے اکثریتی دیہات، مجموعی طور پر یہ خطہ منقسم ہے۔

اپر کرم اور پاراچنار شہر میں ایک وقت میں فقط اہل تشیع کی آبادی ہوا کرتی تھی، مگر وقت گزرنے کیساتھ ساتھ کچھ پہاڑوں پر اور بعد ازاں شہر میں اہل تسنن کو آبادی کے مواقع دیئے گئے، کہیں ہمدردی کی بنیاد پہ طوری قبائل نے یہ کام کیا اور کہیں ضرورت کار کیلئے انہیں آباد کیا گیا، وقت بدلتا رہا اور حالات کروٹ کھاتے رہے، افغانستان کے حالات نے بھی اس پہ اثرات مرتب کیئے اور جن لوگوں کو بطور پناہ گزین یہاں آباد کیا گیا تھا یا جن کیساتھ ہمدردی کی گئی تھی وہ زور آور ہونے لگے، بیرونی مدد بھی انہیں حاصل ہوئی اور ان کی طاقت میں اضافہ کیساتھ طوریوں کیساتھ لڑائیاں بھی ہونے لگیں۔ ماضی میں ایسی کئی لڑائیاں معمولی بات سے شروع ہو کر سینکڑوں شہادتوں اور کئی دیہاتوں کی بربادی تک جا پہنچیں۔ سب سے زیادہ طویل لڑائی 2007 سے شروع ہوئی جو 2011ء میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس جنگ میں جو تباہی و بربادی ہوئی، اس کے اثرات آج بھی بہت نمایاں اور واضح ہیں، جنہیں بھلایا نہیں جا سکتا۔

اسی وقت سے اب تک پاراچنار مسلسل محاصرے میں ہے، اہل پاراچنار کو اس وقت سب سے زیادہ اذیت شہر میں آمد و رفت کے حوالے سے ہوتی ہے جو روز کا معمول بن چکی ہے، اس سے جتنا وقت کا ضیاع ہوتا ہے، چیک پوائنٹس پہ جس طرح کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ بیرون پاراچنار سے اس شہر میں جانیوالوں کو تو باقاعدہ ایک پرمٹ جسے آپ پیپر ویزہ بھی کہہ سکتے ہیں جاری کیا جاتا ہے، جس پر شہر میں داخلے کی تاریخ، مجوزہ نکلنے کی تاریخ اور شہر سے تعلق رکھنے والے کسی مقامی ضمانتی کا شناختی کارڈ اور فون نمبرز تک درج ہوتا ہے۔ ان شناختی کارڈز کو سکیورٹی گیٹ پہ جمع کر کے اجازت نامہ یا ویزہ تھما دیا جاتا ہے، اس ویزہ کو خود سے بھی زیادہ سنبھالنا ہوتا ہے۔

ایسی ہی ایک لڑائی جس میں پندرہ کے قریب دونوں اطراف کے لوگ جان سے چلے گئے ہیں، 23 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوئی جب پیواڑ کیساتھ گاوں گیدو کے جنگل میں کچھ شیعہ قبائلی لکڑیاں کاٹنے گئے تو مخالف فرقے سے تعلق رکھنے والے گیدو مینگل قبائل نے ان کو یرغمال بنا کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور فساد کا آغاز کیا، جب اہل تشیع پیواڑ قبائل کو اس کی اطلاع ملی تو لازمی طور پہ وہ ان نہتے لکڑیاں کاٹنے جانیوالے افراد کو رہائی دلانے اور ان کی مدد کیلئے آگے بڑھے، جنہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، پاک افغان بارڈر پر قبائل کے درمیان یہ خون ریز لڑائی ایسے وقت میں چھیڑی گئی جب بارڈر کے حالات انتہائی سخت اور دوسری طرف طالبان اپنا اقتدار قائم کر چکے ہیں، اور انہیں دیگر چینلنچز کیساتھ ساتھ سب سے بڑا چیلنج داعش خراسان کی صورت میں موجود ہے، جس نے حالیہ دنوں میں افغانستان میں اپنی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قندوز و قندھار میں بے گناہ نمازیوں کو خود کش حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔ ایسے حالات میں بارڈر ایریا میں اس طرح کی کارروائی جس سے جنگ اور فساد پھیلنے کا بھرپور اندیشہ ہو کسی سازش سے کم نہیں ہو سکتی۔ اس طرح یہ جنگ جسے جان بوجھ کے چھیڑا گیا اس کے بارے ابتدائی طور پہ خبر آئی کہ 8 افراد شہید اور 7 لاپتہ اور کئی ایک زخمی ہوئے ہیں۔ اسی وجہ سے ان شیعہ قبائل کے طرفدار انہیں بچانے کیلئے مجوزہ جنگلی علاقے کی طرف گئے۔

آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے کوئی بھی خبر منٹوں میں دنیا بھر میں پہنچ جاتی ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ جیسے ہی لڑائی شروع ہوئی اور کچھ شہادتوں کی خبر موصول ہوئی تو پاراچنار سے پشاور یا پشاور سے پاراچنار چلنے والے مسافروں کی حفاظت اہم ترین ایشو ہوتا ہے، جو بے خبر اپنے سفر پہ رواں دواں ہوتے ہیں، ان کی جانوں کو شدید خطرات ہوتے ہیں، اس لیئے کہ انہیں مخالف قبائل کے ایریاز سے گزرنا ہوتا ہے، جن پہ اکثر حملے کئے جاتے ہیں، سازشی عناصر ان کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرتے، ماضی میں سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں شیعہ ٹرک ڈرائیورز کو گاڑیوں سے اتار کے ذبح کیا گیا تھا، جبکہ کئی ایک گاڑیوں کے مسافروں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، اس لڑائی میں بھی مینگل قبائل نے انتہائی بربریت کا مظاہرہ کرکے طوری قبائلی جوان کو چاقو اور کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کیا ہے، اس جوان شہید کے گلے پر چھری کے وار کرکے ذبح کرنے کے واضح نشانات تھے، جو سفاکیت کی دلیل ہے۔ حالانکہ یہ جنگل میں جانا اور لکڑیاں کاٹنا اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا۔ موسم سرما کے آغاز میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگ لکڑیاں کاٹتے ہیں، چونکہ سردیوں میں بہت زیادہ لکڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ نومبر میں تو یہاں برفباری شروع ہو جاتی ہے جس کے بعد زندگی بہت مشکل ہو جاتی ہے، اگر مینگل قبیلہ کے لوگ قانونی راستہ اختیار کرتے، شکایت کرتے تو ان کو ضرور مدد ملتی، مگر انہوں نے تجاوز کیا۔

حالیہ لڑائی کے حوالے سے بعض ذرائع کے مطابق ہلاک افراد میں گاؤں گیدو کے پانچ افراد سید نذیر عرف سینجک، نور الحق، حضرت محمد، خان ولی اور محمد سخی کا تعلق مینگل قبائل سے ہے جبکہ گاؤں پیواڑ کے دس مقتولین میں مندرجہ ذیل افراد شامل ہیں۔
1: حاجی سلطان حسن
2: حاجی محمد حسن (تور)
3: سیف علی (ملا)
4: جواد علی
5: سید علی
6: گلفام حسین
7: مظہر حسین ;245; ٹارچر کرکے قتل
8: ارباب حسین
9: رشید حسین
10: شعبان علی
11: رحمت حسین
اس لڑائی میں ایک ہی گھر سے تین افراد کے المناک شہادت کی اطلاع بھی ہے جبکہ پہلے ہی دو شہدا ء کا والد پہلے ہی شہید ہے۔ پیواڑ گیدو لڑائی سے ایک دن قبل ہی اڑاولی ایف سی قلعہ میں واقع امام بارگاہ سے تین شیعہ ایف سی اہلکاروں کو زہر دیا گیا تھا، جن میں سے ایک جوان درجہ شہادت پر فائز ہوا، جس کی لاش کو لیکر پاراچنار پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا گیا اور صاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دارا متعصب و فرقہ پرستوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا، یہ افسوسناک واقعہ الارمنگ تھا کہ اس سوسائٹی میں لوگوں کے ذہنوں میں کیسا تعصب بھر دیا گیا ہے، کہ ہماری ڈسپلن فورسز بھی اس سے محفوظ نہیں رہیں۔ پیواڑ میں ہونیوالی اس لڑائی کو کیا فقط قبائلی لڑائی کہنا درست ہے یا اس کا تعلق علاقائی حالات و واقعات اور بارڈر کے دونوں اطراف کے حالات سے بھی ہے۔؟ ان قیمتی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کون ہے؟ جنگ بندی یا فائر بندی سے کیا مستقبل قریب میں لڑائی کا خطرہ ٹل گیا ہے یا ابھی بھی خطرات موجود ہیں؟ کرم ایجنسی یا ڈسٹرکٹ کرم میں قیادت کا فقدان یا قائدین کی بھرمار؟ سیاسی قائدین اور ان کے اثر رسوخ؟ ڈسٹرکٹ کرم میں زمینوں و جائیداد کی تقسیم کا بندوبست؟

کرم کے دہکتے مسائل اور لڑائیوں کے خطرات کے حوالے سے پہلے حصے میں ہم نے درج ذیل سوالات اٹھائے تھے ذرا ایک نظر ان کو دیکھ لیں اور پھر ان کا جواب تلاش کرتے ہیں تاکہ بہتر رہنمائی ممکن ہو سکے۔
پیواڑ میں ہونیوالی اس لڑائی کو کیا فقط قبائلی لڑائی کہنا درست ہے یا اس کا تعلق علاقائی حالات و واقعات اور بارڈر کے دونوں اطراف کے حالات سے بھی ہے؟؟ ان قیمتی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کون ہے؟ جنگ بندی یا فائر بندی سے کیا مستقبل قریب میں لڑائی کا خطرہ ٹل گیا ہے یا ابھی بھی خطرات موجود ہیں؟ کرم ایجنسی یا ڈسٹرکٹ کرم میں قیادت کا فقدان یا قائدین کی بھرمار؟ سیاسی قائدین اور ان کا اثر و رسوخ؟ ڈسٹرکٹ کرم میں زمینوں و جائیداد کی تقسیم کا بندوبست؟

یہ اور اس طرح کے کچھ مزید سوالات کے جوابات کیلئے ہم اس حصے میں آگے بڑھتے ہیں۔ کچھ مزید سوالات بھی اٹھائیں گے، پہلے تازہ ترین حالات کہ 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شت اسی بارڈر ایریا میں افغانستان کی طرف سے شرپسند تخریب کار عناصر کی طرف سے بارڈر کراس کرنے کی کوشش کی گئی، جس کو ہماری سکیورٹی افواج نے ناکام بنایا، جس سے افغانستان کی طرف سے شدید فائرنگ کی گئی، نتیجہ کے طور پہ دو ایف سی اہلکار اسد علی (کرم) اور ایک سپاہی آصف جس کا تعلق لکی مروت سے تھا، شہید ہو گئے۔ اس واقعہ سے ایک بات واضح ہو گئی کہ مینگل قبائل کے بارے بتایا جا رہا تھا کہ باڑ لگانے کے باوجود یہ لوگ دوسری طرف سے تیس تیس ہزار روپے لیکر افغانیوں کو بارڈر کراس کروا رہے تھے۔ جس میں یقینا کچھ سکیورٹی اہلکار بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔ اس لڑائی کے بعد چونکہ الرٹ پوزیشن ہے تو دوسری طرف سے اس کام پہ مامور لوگوں نے فائرنگ کی ہوگی جن کو مقامی مینگل قبائل کی مدد بھی حاصل ہوتی ہے، ایک بات بہت واضح ہے کہ اس وقت مینگل قبائل جن کے تعلقات و روابط طالبان اور دیگر دہشتگرد گروہوں کیساتھ بھرپور رہے ہیں، یعنی ہمہ قسم کے طالبان جن میں افغان طالبان سے لیکر تحریک طالبان اور القاعدہ و داعش بھی شامل ہیں، کرم ایجنسی میں اپنی کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے تھے، یہ لوگ تو افغانستان سے بھاگ کے ادھر پناہ گزین ہوئے تھے، جنہیں طوری قبائل نے رہنے کیلئے جگہ اور رہائش دی، ان کو کسی جرگہ یا فیصلہ سازی میں کسی قسم کا کردار نہیں دیا گیا تھا۔

تاریخ سے آگاہ لوگ جانتے ہیں کہ یہ مینگل احسان فراموش قبائل تھے، جنہیں افغانستان کے امیر عبدالرحمن نے ان کے ایسے ہی کاموں اور تخریب کاریوں کی وجہ سے سخت سرکوبی کرتے ہوئے افغانستان سے بے دخل کیا اور یہ جانیں بچا کر پیواڑ اور شلوزان تنگی میں بے سرو سامانی کی حالت میں آگئے تھے، وادیء کرم کے طوری بنگش قبائل نے پختونوالی، قبائلی روایات اور انسانی ہمدردی کی بناء پر ان کو پناہ دی تھی، اور آج یہ ٹمبر مافیا، تخریب کار گروہ نہ صرف بنگش طوری قبائل کی زمینوں پر آباد ہیں بلکہ مزید پیواڑ طوری قبائل کے پہاڑوں اور جنگلات پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے خون بہانے سے بھی دریغ نہیں کر رہے۔ اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ سابقہ ایجنسی اور موجودہ ضلع کرم کے تنازعات کاغذات مال اور سیٹلمنٹ ریکارڈ کے مطابق حل کئے جائیں۔ کیونکہ ضلع کرم واحد ضلع ہے جس کے پہاڑ، پانی اور اراضی کی 1908 اور 1943 میں دو دفعہ سیٹلمنٹ ہو چکی ہے، اور تقریباً پورے ضلع کی اراضی قوموں کے درمیان تقسیم ہو چکی ہے۔ مینگل قبائل جو طوری قبائل نے مزارعین کے طور پر آباد کئے تھے، اب علاقے کی مالک بننے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ان کے ملکیتی حقوق نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ڈسٹرکٹ کرم جس کی تمام سیٹلمنٹ آن ریکارڈ ہے اگر اسی کو فالو کیا جائے۔ تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آ جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تاریخی سیٹلمنٹ کے تحت تقسیم شدہ زمینوں کے کھڑے کیئے جانیوالے تنازعات کو اگر حکومت و انتظامیہ نے حل نہ کیا تو لوئر کرم سے لیکر اپر و سنٹرل کرم میں ایجاد کردہ ایشوز ہر کچھ عرصہ بعد بے گناہوں کی المناک شہادتوں کی صورت سامنے آتے رہینگے۔

کرم میں اس وقت سب سے اہم مسئلہ قیادت کا بحران ہے، اگر ہم تمام اطراف و جوانب اور گروہوں کے قائدین کو دیکھیں تو بہت ہی افسوسناک صورتحال سامنے آتی ہے، شائد کوئی ایک بھی ایسا نہ ملے جس پر عوام متفق ہوں اور وہ الزامات سے بری سمجھا جائے، دینی سیاست کار ہوں یا قائدین سیاست، سب کے سب ہی عوام میں وہ پذیرائی نہیں رکھتے، جس کی بنیاد پہ کوئی بھی لیڈر یا قیادت سازشوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونے کی جرات کرتا ہو۔ لہذا ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اس شیعہ نشین خطے کو بے سروسامانی کی صورتحال کا سامنا ہے اور سازش گر اپنا کام کر رہے ہیں، یہ حساس ترین خطہ مسلسل ظلم و زیادتیوں سے دوچار ہے۔ اگر انتظامی و عملی طور پہ دیکھا جائے تو یہاں کا انتظام و انصرام اور نوے فیصد کنٹرول مرکزی انجمن حسینیہ یا جسے مرکز کہا جاتا ہے، اس کے پاس ہے، بہت سے وسائل اور کمرشل ایریاز سے لیکر عید گاہیں، جنازگاہیں، قبرستان، مذہبی مقامات اور قومی اثاثے اسی مرکز کے پاس ہوتے ہیں، ماضی میں اس مرکز میں شیخ رجب علی، شیخ علی مدد، آغا نواز عرفانی پیش امام اور مالک و مختار رہے ہیں، عوام بھی ان کیساتھ مربوط رہتے ہیں، حکومت اور سرکاری ادارے بھی ان کی بات کو ہی اہمیت دیتے ہیں، یہ الگ بات کہ مرکز سے وابستہ انجمن حسینیہ اور اس کے عہدیداران کس کو اہمیت دیتے ہیں، عمومی طور پہ خیال ہے کہ مرکزی انجمن حسینیہ میں تمام اقوام بشمول بنگش کی بھرپور نمائندگی ہوتی ہے مگر ان کو اپنے اپنے قبیلوں کی نمائندگی حاصل ہوتی ہے یا نہیں اس بارے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

آغا نواز عرفانی جو اس سے قبل ایک فعال و اہم ترین شخصیت کے طور پہ سامنے آئے تھے، بالخصوص 2007ء سے 2011ء کی جنگ میں ان پہ یہاں کے لوگوں نے بے حد اعتماد کیا اور وہ بھی جنگی مناطق اور محاذوں پہ پہنچتے رہے اور مدد بھی پہنچاتے رہے، ایک گہری سازش جس میں انہیں پھنسایا گیا تھا، کا شکار ہو کر اسلام آباد میں شہید کر دیئے گئے تھے، جن کے بعد کرم میں قیادت کا ایک بحران چلا آ رہا ہے، ان کی جگہ پہ موجودہ پیش امام جن کی صلح جو طبیعت کو سبھی سراہتے ہیں عوام میں وہ جوش و ولولہ اور تحرک ایجاد کرنے میں کامیاب نہیں نظر آتے، پارا چنار اور گرد و نواح کے مخصوص حالات کا تقاضا ہے کہ مرکز میں ایسی شخصیت موجود ہو جس کا ویژن اور تحرک بہت نمایاں ہو اور جو حالات و واقعات پہ مکمل گرفت رکھتے ہوئے بھرپور قوت فیصلہ کا حامل ہو اور یہاں کے اصل با ا ختیار اداروں کے سامنے اپنی قوت، اعتماد اور عوامی محبوبیت کی بنا پہ مطالبات منوانے اور کسی بھی زیادتی و ظلم کا مقابلہ کرنے کیلئے میدانی حضور کا جذبہ رکھتا ہو، افسوس کہ اس "شیعہ نشین” خطے کو جس نے شہید عارف الحسینی جیسے عالمی قائدین قوم کو دیئے آج محروم ہے، جو لوگ شہید قائد کا نام استعمال کرتے ہیں وہ شہید کے افکار، کردار، عمل، احساس، ویژن، تحرک، اخلاق، تقویٰ و پرہیز گاری، خدا خوفی، عوامی درد سے کوسوں دور ہیں، اگر اہل کُرم کو ایسی قیادت مل جائے تو ان کی بقا ممکن ہے، وگرنہ جو حالات ہیں ان سے مستقبل کی تصویر کچھ اچھی نظر نہیں آ رہی۔(ختم شد)

تصحیح: پہلے حصہ میں یہ لکھا گیا، جبکہ سنٹرل کرم میں آبادی کا تناسب شاید ایک جیسا ہو کہ کہیں اہل تشیع کے گاوں ہیں، تو کہیں بیچ میں اہل تسنن کے اکثریتی دیہات، ایک دوست کے توجہ دلانے پہ اس حصہ کو یوں درست پڑھا جائے، اپر کرم میں اکثریت اہل تشیع کی ہے، جبکہ لوئر کرم میں آبادی مشترک ہے، کہیں اہل تسنن کی اکثریت اور کہیں اہل تشیع ہیں، جو سمیر سے شروع ہو کر علی زئی تک جاتا ہے، جبکہ وسطی کرم کی اصل یہ ہے کہ یہ سازش سے کرم میں شامل کیا گیا ہے اس میں ضیاء دور سے لیکر مشرف دور کے صاحبان اقتدار کا نام آتا ہے، کہ آبادی کے تناسب کو خراب کرنے کیلئے ایف آر ایریاز کو وسطی کرم میں شامل کیا گیا۔ اصل میں یہ علاقہ سابق ایف آر اورکزئی تھا۔ پہلے اس کا نام ایف آر اورکزئی تھا جسے بعد ازاں ایف آر کرم اور بعد ازاں سنٹرل کرم بنا دیا۔

مزید پڑھیے

Most Popular