
بیروت : صیہونی فوج نے سید حسن نصراللہ کے متوقع جانشین سید ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کیلئے بیروت کے علاقے ضاحیہ پر رات بھر شدید بمباری کی۔ بیروت اور مضافاتی علاقے خوفناک دھماکوں سے گونجتے رہے۔ بنک بسٹر بموں سے کئی عمارتیں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں۔ بیروت ایئرپورٹ کے قریب بھی حملے کئے گئے۔ حملے کے بعد دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 37 لبنانی شہید اور ایک سو اکاون زخمی ہوئے۔ مسلسل جاری حملوں کی وجہ سے لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت میں ہتھیار بنانے والے متعدد مقامات اور حزب اللہ کے مراکز کو نشانہ بنایا اور حملوں میں حزب اللہ کے کئی ارکان شہید ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے صیہونی فوج کی مختلف مقامات سے لبنان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ سرحدی قصبے مرعون الراس میں شدید جھڑپ میں صیہونی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔ کئی مرکاوا ٹینک تباہ ہوگئے۔دراندازی کی کوشش کرنیوالے اسرائیلی فوجیوں کو بم کا نشانہ بھی بنایا گیا۔


































