
قاہرہ : مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھرکے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے عرب سربراہان پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ڈاکٹر احمد الطیب نے غزہ میں انسانی امداد کو روکنے پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو معصوم بچوں، عورتوں اور مردوں کو بھوک سے مارنے کا جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی قافلوں کو روکنے کا اسرائیل کا بزدلانہ فیصلہ انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسرائیل اس فعل کے ذریعے معصوم شہریوں کو خوراک سے محروم کرتا ہے اور ماہ رمضان کے دوران رحم اور انسانی اقدار کی مکمل بے توقیری کا مظہر ہے۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر نو کی خاطر عرب تجویز کو فعال کرنے کے لیے متفقہ مؤقف پرزور دیا۔


































