
تہران : سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے اتوار کے روز تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ مشترکہ اقدار اور توانائيوں کے پیش نظر دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔ ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کی سطح کو بہتر بنانے اور تعلیمی و تربیت کے میدان میں تجربات کے تبادلے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ سعودی بحریہ آئندہ سال ایران کی بحری مشقوں میں حصہ لے یا مبصر کی حیثیت سے شریک ہو۔ میجر جنرل باقری نے سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کے بارے میں کہا کہ اسلامی ممالک کے اتحاد کے حوالے سے اس اجلاس کا انعقاد ایک قابل تعریف قدم ہے۔ ایران اور سعودی عرب کے فوجی سربراہوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دفاعی اور فوجی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر غور کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


































