
دوحہ : عرب ممالک نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امداد کی فراہمی روکنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسرائیلی اقدام کو جنگ بندی معاہدے، بین الاقوامی انسانی قانون، چوتھے جنیوا کنونشن اور تمام مذہبی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ اردن کے وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان القداہ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا فیصلہ جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سعودی اور مصری وزارت خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کو روکنے۔ بین الاقوامی احتساب کے طریقہ کار کو فعال کرنے اور امداد تک پائیدار رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔ اسرائیل امداد کو فلسطینیوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کرے۔


































