
ویانا : جنوبی کوریا نے ایران کے منجمد اثاثے جلد بحال کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ ویانا میں جنوبی کوریا اور ایران کےڈپٹی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں جنوبی کوریا میں منجمند ایرانی اثاثے جاری کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے ڈپٹی وزیر خارجہ چویانگ کان نے ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ علی باقری کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران سے خریدی گئی گیس کی مصنوعات کے بدلے جنوبی کوریا پر واجب الادا رقم عنقریب ادا کر دی جائے گی۔ جنوبی کوریا کے 2 بینکوں میں 7 ارب ڈالر کی ایرانی رقم موجود ہے جسے ستمبر 2018ء میں ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے باعث منجمد کر دیا گیا تھا۔


































