
برسلز: یورپ میں جنگ مخالفین کا دباؤ کام کرنے لگا۔ کئی مالیاتی کمپنیوں نے اسرائیل سے معاہدے ختم کرنا شروع کردئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق معروف تجارتی کمپنی یونی کریڈٹ نے معاہدات اور تعلقات کے لیے اسرائیل اور اسرائیلی کمپنیوں کو ممنوع کمپنیوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ اطالوی بینک نے دفاعی شعبے کے بارے میں اپنی پالیسی میں واضح کر رکھا ہے کہ کسی بھی ملک کو اسلحے کی برآمدات کے لیے براہ راست مالی اعانت فراہم نہیں کی جاتی ہے۔
ناروے کی اثاثوں کے انتظام و انصرام سے متعلق کمپنی اسٹور برینڈ اور فرانس کی انشورنس سے متعلق کمپنی اے ایکس اے نے اپنے پاس موجود اسرائیلی کمپنیوں کے حصص فروخت کر دیے ہیں۔ ان میں اسرائیلی بینکوں کے حصص بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ فنڈ نے اسرائیل کی چھ کمپنیوں سے اپنا ناطہ توڑ دیا ہے۔
ادھر یورپ کی سب سے بڑی بیمہ کمپنیوں میں سے ایک بینک بارکلیز اور جرمن انشورنس کمپنی الیانز کو اسرائیل کے بائیکاٹ کی مہم چلانے والوں نے تیزی سے نشانہ بنایا ہے۔ یہ کمپنیاں اپنی پالیسی پر نظرثانی کررہی ہیں۔


































