
آصف اشرف جلالی کے خلاف لاہور اسلام پورہ تھانہ میں مقدمہ اور ایف آئی اے سائبر کرائم کو درخواست، آصف جلالی کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں ، پیر معصوم نقوی
گستاخی زہرا(س)گستاخی رسول کے مترادف ہے،حنیف قریشی، کارروائی نہ ہوئی تو انتشار پھیلے گا،علامہ نیازنقوی،سازش کے تحت اہلسنت میں ناصبیت کو ہوا دی جا رہی ہے، علامہ مقصود علی
کراچی(نیوز ڈیسک) شیعہ اور سنی علمائے کرام نے د ختررسول حضرت بی بی فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شان اقدس میں گستاخی کرنے پر تحریک لبیک کے سربراہ آصف اشرف جلالی کے خلاف کارروائی پر زوردیا ہے جبکہ اس کیخلاف لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے، سید اسد حسین نقوی ایڈووکیٹ نے لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں اندراج مقدمہ کے ساتھ ساتھ گستاخانہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر کو بھی الگ سے درخواست جمع کرائی ہے،،مولوی کا حضرت بی بی فاطمہؑ کو خطا کار کہنا رسول کریم کی کی بھی توہین ہے، جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ اشرف آصف جلالی نے اپنے ناصبی عقائد کا اظہار کیا ہے، اس کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں ، قومی سلامتی کے ادارے اس کا نوٹس کیوں نہیں لے رہے؟معروف سنی عالم حنیف قریشی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ ؑکو خطاکار کہنا گستاخی رسول کے مترادف ہے۔اشرف جلالی کو اپنے بیان کی طرف دوبارہ رجوع کرنا چاہئے۔وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہؑ عصمت کے درجے پر فائز تھیں، ایسی طاہرہ صدیقہ خاتون کے بارے میں خطا کار جیسے گستاخانہ الفاظ کا استعمال ضروریات دین کا انکارہے ، حکومت نے کارروائی نہ کی تو ملک میں انتشار پھیلنے کا خطرہ ہے، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر سیدہ کائنات خاتون جنت حضرت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت پر متفق ہیں ،ایک سازش کے تحت اہل سنت کے اندر ناصبیت کو ہوا دی جا رہی ہے، حکومت پاکستان گستاخ اہلبیت ؑکے خلاف فوری تادیبی کارروائی کرے،شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ان کے ناصبی نظریات کے ذریعے فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش کی جا رہی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، ایک شخص شعائراسلام کی توہین کر رہا ہے اوراب تک کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔


































