
رام اللہ : فلسطینی ایوان صدر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کے بڑھتے تشدد اور غزہ جنگ کو اسرائیل کیلئے امریکا کی کھلی حمایت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے ایک بیان میں اسرائیلی کارروائیوں سے ہونے والی مزید تباہی کو روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صرف مذمت کی مسلسل پالیسیاں تشدد سے نمٹنے میں غیر موثر ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے دہشت گردی میں اضافہ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا براہ راست نتیجہ ہے۔ اسرائیلی دہشت گردی اور امریکی پشت پناہی دونوں خطے میں سلامتی یا استحکام نہیں لائیں گے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اب تک 783 فلسطینی شہید اور 6300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔


































