
ماسکو: روس نے فلسطین اسرائیل تنازعہ کے حل کی کوششوں کو تیز کردیاہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس روس کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ دورہ فلسطینی تنازعہ کے حل کے لیے جاری کوششوں اور فلسطینی گروپوں کے درمیان اشتراک عمل بڑھانے کی روسی کوشش کے سلسلے میں ہو گا۔ تاس کے مطابق روسی خارجہ امور کے مشیر یوری اشاکوف نے کہاکہ دورے کی تاریخ پر اتفاق کر لیا گیا ہے تاہم انہوں نے کوئی تاریخ نہیں بتائی محمد عباس نے اس سے قبل گذشتہ سال نومبر میں بھی روس کے دورے کا منصوبہ بنایا تھا مگر دوسرے فریق کی درخواست پر اس دورے کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ روس کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ روس مشرق وسطیٰ کے اس دیرینہ تنازعے کو حل کرنے کے لیے مدد کو تیار ہے۔ کیونکہ روس سمجھتا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے۔


































