
سوات : خیبرپختونخوا کے علاقے سوات کے ملحقہ پہاڑوں پر عسکریت پسندوں کی مبینہ موجودگی کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے پورے سوات میں بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے زور دیا کہ وہ کسی بھی عناصر کو علاقے میں محنت سے حاصل کیا گیا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ شہریوں کی جانب سے ہم سوات میں امن چاہتے ہیں اور دہشتگردی سے انکار کے عنوان سے مظاہرے تحصیل خوازہ خیلہ میں مٹہ چوک اور تحصیل کبل کے کبل چوک کے نزدیک کیے گئے۔ مظاہرین سفید اور کالے جھنڈے تھامے ہوئے تھے، انہوں نے نعرے بھی لگائے کہ ہم سوات اور خیبرپختونخوا میں امن چاہتے ہیں۔ مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور ہر قیمت پر پائیدار امن چاہتے ہیں۔ ان عناصر کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم نے لاتعداد قربانیاں دے کر امن حاصل کیا ہے، ہم کسی کو بھی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


































