
کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ اس سلسلے میں سندھ بھر اور شہر قائد کی مختلف جامع مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، جس میں مظاہرین بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔
خوجہ مسجد کھارادر پر مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ اسرائیل عالمی دہشتگرد اور غاصب ریاست ہے، حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل غزہ سمیت فلسطین کے دیگر شہری علاقوں میں بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج ہم سب سرکار مدینہ کی امت پر جو غزہ میں ظلم ہو رہا ہے، ان سے یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں، فلسطین ہم مسلمان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاست دانوں کی خاموشی بھی مجرمانہ ہے، حکومتِ ایران اور سعودی عرب کی فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت لائق تحسین ہے، پاکستان کو بھی فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دینا چاہئے۔
جامع مسجد نور ایمان پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموش ہیں، بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عالم میں اسرائیل، امریکا اور اقوام متحدہ برابر کے مجرم ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے تحت کراچی کی دیگر جامع مساجد بشمول جامع مسجد ابوالفضل عباس لانڈھی میں مولانا محسن علی جوادی، مولانا یاور عباس زیدی، جامع مسجد احسن آباد میں مولانا رجب علی بنگش، مولانا حیات عباس نجفی، جامع مسجد آل عمران محمود آباد میں علی حسین نقوی، جامع مسجد اورنگی ٹاؤن میں مولانا صادق جعفری، جامع مسجد حسن مجتبٰی گلشن معمار میں علامہ مختار امامی، مولانا امیر عباس، عاصم علی، جامع مسجد باب النجف بفرزون میں مولانا شیخ سلیم، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا مرتضیٰ خاں اور مظہر جعفری، ناصر زیدی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔


































