
ابوجا : نائیجیریا کی مسلم اکثریتی ریاست زمفارا کے مختلف گاؤں میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں نے مختلف دنوں میں حملے کر کے 143 افراد کو ہلاک کردیا۔ یہ واقعات نائیجیریا کے شمال مغربی علاقوں میں ہوئے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں مسلح ڈاکو موٹر سائیکلوں پر مختلف گاؤں میں گھس آئے، مقامی افراد پر فائرنگ کی، گھروں میں لوٹ مار کی اور انہیں آگ بھی لگادی۔ ڈاکوؤں نے اپنے سامنے آنے والے ہر شخص پر گولی چلائی، ہم 140 سے زائد افراد کی میتیں دفنا چکے ہیں اور مزید کی تلاش جاری ہے۔ شمال مغربی اور وسطی نائیجیریا کئی سالوں سے مختلف جرائم پیشہ گروہ کے حملوں سے نبرد آزما رہے ہیں جن میں اب مزید شدت آتی جارہی ہے۔ نائیجیرین حکومت نے ان ڈاکوؤں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔


































