
کابل : افغانستان کے وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ پڑوسی ممالک سرحدوں یا ڈیورنڈ لائن پر افغانستان کے لیے چیلنجز پیدا نہ کریں۔ افغان وزیردفاع نے طالبان حکومت کی تیسری سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، بارڈر پولیس کا قیام اور سرحدوں پر چوکیاں پڑوسی ممالک کے لیے چیلنجز نہیں بلکہ افغانستان کے تحفظ کے لیے ہیں۔ ملک کی حفاظت اور کسی بھی قیمت پر دفاع ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کسی ملک یا شخص کا نام لئے بغیر کہا کہ انہوں نے اپنی پوری طاقت امریکہ کی خاطر ہمارے خلاف استعمال کی۔ جبکہ طالبان حکومت نے کسی بھی ملک میں امریکی مفادات پر حملہ نہیں کیا۔ قائم مقام وزیر دفاع نے کہاکہ افغانستان سے فرار ہونے والے اور مختلف نظریات رکھنے والے تمام افراد نے اپنی نظریں غیر ملکی اداروں پر مرکوزکرلی ہیں۔ لیکن وہ ہمیشہ کی طرح مایوسی کا شکار رہیں گے۔قائم مقام وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے بھی کہا کہ دشمن آج بھی افغانستان کو نظریاتی اور ثقافتی طور پر تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ دشمن نے افغان نوجوانوں کو تربیت دی ہے، جنہوں نے خود کو اپنی ثقافت سے دور کر لیا ہے۔


































