
لاہور(نیٹ نیوز) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی جانب سے پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں قرآن مجید کا ترجمہ لازمی قرار دینے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں ترجمے کیساتھ قرآن پڑھانے کے فیصلے سے مجلس وحدت مسلمین کے موقف کو تقویت ملی ہے، ایم ڈبلیو ایم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے، یہ فیصلہ دراصل تعلیمی اداروں میں موجود اسلام پسندوں کی جیت اور غیر اسلامی عناصر کی حوصلہ شکنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین تعلیمی اداروں میں دینی ماحول کی خواہاں ہے، اس سے نسل نو کی تربیت بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
علاوہ ازیں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر علی زین نے پنجاب کی جامعات میں گورنر پنجاب کی جانب سے ترجمہ کیساتھ قرآن پاک پڑھانے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تعلیمات قرآن کی ترویج کیلئے کوششیں قابل ستائش اور تاریخ ساز قدم ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب میں علی زین کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر میں قرآن کریم کے آفاقی و انقلابی پیغام کی تبلیغ و ترویج ناگزیر ہو چکی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کریم میں تدبر کیا جائے جو ابھی تک معاشرے میں رواج نہیں پا سکا۔


































