
بیروت : امریکا نواز لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ لبنانی فوج اگلے ہفتے حکومت کو ایک جامع منصوبہ پیش کرے گی جس کا مقصد ہتھیاروں پر خصوصی ریاستی کنٹرول کو یقینی بنانا ہے۔ امریکی ایلچی ٹام بیرک اور وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران نواف سلام نے کہا کہ ہتھیاروں پر خصوصی ریاستی اختیار، اس کی طاقت کی توسیع اور جنگ اور امن کے فیصلوں پر اس کی اجارہ داری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اب کوئی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
نواف سلام نے لبنانی فوج کی جاری حمایت پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور لبنانی فوج کو ملک کے استحکام کا ایک قابل اعتماد ستون قرار دیتے ہوئے مزید مالی اور عسکری امداد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بڑے عطیہ دہندگان سے لبنان کی تعمیر نو اور اقتصادی بحالی سے متعلق آئندہ بین الاقوامی کانفرنس کی حمایت کے لیے بین الاقوامی وعدوں پر زور دیا۔


































