
مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ(ص) کے زیرانتظام جامعہ عروۃ الوثقی لاہور میں پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں بادشاہی مسجد کے خطیب علامہ سید عبدالخبیر آزاد، جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم، جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، امیر جماعت اہلحدیث پاکستان علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، پیر سید ہارون علی گیلانی، پیر غلام رسول اویسی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، علامہ میر آصف اکبر، مفتی زبیر احمد فہیم، ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا، مولانا محمد عاصم مخدوم، ڈاکٹر سید محمود غزنوی، علامہ اصغر عارف چشتی، چیئرمین سنی رابطہ فورم مفتی سید عاشق حسین، پیر وقاص منور مجددی، ڈاکٹر سید ایاز حسین شاہ و دیگر مکاتب فکر سے اکابرین شریک ہوئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریکِ بیداری امتِ مصطفیٰ(ص) کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر آزاد ہوا، لیکن افسوس کہ ہم نہ اسلام کا نظام لا سکے اور نہ ہی مغربی نظام کی غلامی سے آزاد ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی قوم کیلئے جو قرآن اور اہلبیت (ع) جیسا خزانہ رکھتی ہو، مغربی نظام کی غلامی اور پیروی باعثِ ننگ ہے۔ مغربی جمہوری نظام کی پیروی کے باعث پاکستان روزبروز زوال کا شکار ہو رہا ہے اور یہ زوال صرف حکومتی شعبے میں نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور انتظامی زوال کے علاوہ اخلاقی اور معاشرتی زوال بہت تکلیف دہ ہے، اور آئے دن ایسے واقعات ہوتے ہیں جن کو سن کر انسان پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا کہ یومِ پاکستان ایک فرصت ہے کہ ہم اپنی منتخب کردہ راہوں اور منتخب کردہ نظاموں پر نظرِثانی کریں اور آزاد قوم کی حیثیت سے وہ راہیں چنیں جو ہمیں عزت اور شرف سے ہمکنار کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 23 مارچ قومی ارادوں کی فتح، تشکیل، مضبوطی و استحکام کا دن ہے کہ کس طرح قومی ارادے غلامی و ستم پر غلبہ پاتے ہیں، یہ دن صرف جھنڈے، پریڈ اور رسموں کا دن نہیں۔
23 مارچ کی صبح جامعہ عروۃ الوثقی میں پریڈ، اسکاؤٹ سلامی اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔ مجمع المدارس کے زیر انتظام 20 تا 27 مارچ ہفتہ پاکستان کے تحت اسلام آباد، گلگت، پشاور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں بھی کانفرنسز منعقد ہونگی۔


































