غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائے،اقوام متحدہ، کیس کے ذمہ دار تمام افراد پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے،یورپی یونین،اہم معاملات بدستور مبہم ہیں، ترکی
سعودی عدالت نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا،صحافتی تنظیم،عدالتی فیصلے میں سعودی حکام کو بچالیا گیا،ایمنسٹی، جرم کو چھپانے کی کوشش کی گئی، امریکی سینیٹر
لندن (نیوز ڈیسک) اقوم متحدہ، یورپی یونین،ترکی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جمال خاشقجی قتل کیس میں سعودی عدالت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے قتل کی مکمل اور شفاف تحقیقات، کیس میں موجودابہام دور کرنے اور قتل کے پس پردہ اصل ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کردیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ 8افراد کے خلاف عدالتی احکامات سے متعلق خبروں کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور سیکریٹری جنرل نے کیس کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، قتل کیس میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر ایگنس کیلیمرڈ نے ٹوئٹ کیا کہ جمال خاشقجی کے اصل قاتلوں کو چھوڑ دیا گیا ہے جو انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے، یورپی یونین کی خارجہ تعلقات کونسل نے اپنے بیان میں زور دیا ہے کہ شفافیت کے اصول کے تحت خاشقجی قتل کیس کے ذمہ دار تمام افراد پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے،ترک وزارت خار جہ کے مطابق خاشقجی کی لاش سمیت، کیس کے اہم معاملات بدستور مبہم ہیں اور اس سے سعودیوں کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کا پتہ چلتا ہے،ترک سرزمین پر رونما ہونے والے جرم میں موجودابہامات کو دور کرنا اور اس میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا صرف قانونی ہی نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے، صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز بیانڈ دی بارڈرز کے سیکریٹری جنرل نے عدالتی فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عدالت نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا،ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے مطابق عدالتی فیصلے میں سعودی حکام کو بچالیا گیا ہے، امریکی سینیٹر برینی سینڈرز نے کہا ہے کہ سی آئی اے اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کا حکم سعودی ولی عہد بن سلمان نے دیا تھا لیکن سعودی عرب کی استبدادی اور غیر قانونی حکومت نے جس طرح سے مقدمہ چلایا ہے وہ اس جرم کو چھپانے کی کوشش ہے اور عدالتی فیصلے میں حکم دینے والے شخص کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔
- Home
- خبریں
- بین الاقوامی خبریں
- خاشقجی کے اصل قاتلوں کو بچالیا گیا،شفاف تحقیقات پر زور
خاشقجی کے اصل قاتلوں کو بچالیا گیا،شفاف تحقیقات پر زور
-
Ilyas - جنوری 3, 2020
- بین الاقوامی خبریں
- 242
- 0 minute read


































