
کراچی: تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے تمام شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں منعقد کی گئیں اس سلسلے کی مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ جس میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری شیعہ علماء کونسل علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے پاکستان مفتی عقیل انجم سمیت دیگر سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں نے شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او زاہد مہدی نے بیت المقدس پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔ مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ اسرائیل نے ظلم و ستم کی انتہاء کی ہوئی ہے مگر افسوس کہ اقوام متحدہ نے فلسطین کے مسئلے پر ہمیشہ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا اور افسوس تو اس بات کا ہے کہ نام نہاد او آئی سی بالخصوص عرب حکمران خاموش تماشائی بنے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا،اسی فرمان پر عمل کرتے ہوئے ملت پاکستان اعلان کرتی ہے کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد و مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی کیوں کہ یوم القدس فلسطینیوں اور بالعموم تمام مظلومین کی حمایت کا دن ہے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔
مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ فلسطین و قبلہ اؤل کی آزادی کے لیے مسلم ممالک کو مسلح جدوجہد کا آغاز کرنا چاہیے کیوں کہ مسلح جدوجہد کے بغیر بیت المقدس کی آزادی نا ممکن ہے، لیکن افسوس ناک صورتحال تو یہ ہے کہ اسلامی ریاستوں نے غاصب صیہونی ریاست کو تسلیم کرکے اور اس سے سفارتی و معاشی تعلقات قائم کرکے صیہونیت سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی غلطی کی تو پاکستانی عوام کا ردعمل دیدنی ہوگا۔ سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائےکشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت گزر گیا ہے جب اسرائیل اپنے توسیع پسندانہ عزائم عملی جامہ پہناتا تھا۔ اب اسلامی مقاومت اسرائیل کا گھراؤ کر چکا ہے۔ وہ وقت دور نہیں کہ جب دنیا اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک ہو جائے گی۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کیے اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔


































