
نیویارک : اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ نسل کشی کے مترادف ہے۔ اسرائیلی طرز عمل کی تحقیقات کے لیے قائم اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی نے کہا ہے کہ جنگ کے آغاز سے ہی اسرائیلی عہدیدار عوامی سطح پر ایسی پالیسیوں کی حمایت کرتے آئے ہیں جو فلسطینیوں کو زندگی گزارنے کے لیے ضروری اشیا، خوراک، پانی اور ایندھن سے محروم کرتی ہیں۔کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کے بیانات اور منظم اور غیرقانونی‘ طور پر انسانی امداد کو غزہ پہنچنے سے روکنا اور زندگی بچانے والی اشیا کو سیاسی اور عسکری فائدے کے لیے آلہ کے طور پر استعمال کرنا اسرائیلی ارادوں کو واضح کرتا ہے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ وسیع پیمانے پر اسرائیل کی بم برسانے کی مہم سے غزہ میں ضروری سروسز کا صفایا ہو گیا ہے اور اس سے ماحول کو تباہ کن نقصان پہنچا ہے جس کے صحت پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔
کمیٹی باقاعدہ طور پر اپنی رپورٹ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سیشن میں پیش کرے گی۔


































