
رام اللہ : فلسطینی انتظامیہ نے غزہ کو غیرملکی فوجیوں کے حوالے کرنے کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کردیا ہے۔ صدارتی ترجمان نبیل ابورودینہ نے کہا کہ فلسطینی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف فلسطینی عوام ہی فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ان پر حکومت کون کرے گا اور ان کے معاملات کون چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارہ ہو یا غزہ۔ ہم اپنی سرزمین پر کسی غیر ملکی کی موجودگی کو قبول کریں گے نہ اس کی اجازت دیں گے۔ فلسطینی ترجمان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ زمین اور ریاست کا ہے۔ انسانی امداد کا معاملہ نہیں۔ یہ ایک مقدس مقصد ہے اور عربوں کے لیے بنیادی مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی نشریاتی ادارے نے نامعلوم سیکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں اس وقت تک رہے گی جب تک اس کی جگہ کوئی بین الاقوامی فورس نہیں مل جاتی اور اس میں کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔


































