
غزہ : اسرائیل کی غزہ میں خونی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسرائیل نے وسطی غزہ پر شدید حملے کئے جس میں چودہ فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ النصیرات،المغازی، البریج اور دیرالبلاح میں کیمپوں پر بھی بمباری کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے شمالی، جنوبی اور وسطی غزہ میں کئی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی رفح اور شمالی غزہ میں شدید مزاحمت کی اور رفح میں سڑک کے کنارے بم سے 2 ٹینک تباہ کردیے۔ مغربی رفح میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں حماس نے بارودی سرنگوں کے ذریعے اسرائیل کے دو ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 37 ہزار چار سو اکتیس ہوگئی۔


































