
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ میں شاطی کیمپ، بیت حنون اور رفح میں حملے کرکے پچیس فلسطینیوں کو شہیدکردیا۔ شاطی کیمپ پر حملے میں دس جبکہ بیت حنون میں آٹھ افراد شہید ہوئے۔ رفح میں خیمہ بستی پر گولہ باری سے بھی کئی افراد شہید وزخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج مغربی رفح میں کافی اندر تک داخل ہوگئی ہے۔ جہاں اسے مزاحمت کاروں کے حملوں کا سامنا ہے۔ صیہونی فوج نے خیمہ بستی پر براہ راست حملہ کیا جس کے نتیجے میں انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ رفح میں حماس کی بٹالین مضبوط ہے اور اسرائیلی فوج کے خلاف برسرپیکار ہے۔ تازہ حملوں میں چار اسرائیلی ٹینک تباہ کردئے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
مغربی ،جنوبی اور شمالی رفح میں بھی شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ ادھر صیہونی فوج نے بیت حنون پر بھی حملہ کیا جس میں آٹھ افراد شہید ہوگئے دوسری جانب صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے قلقیلیہ میں ایک کار پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ ادھر مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 22 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔


































