
ریاض : غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت پر غور کیلئے عرب اسلامی سربراہی اجلاس آج سعودی عرب میں ہوگا۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فلسطینی اور لبنانی علاقوں میں وحشیانہ اسرائیلی جارحیت نے عرب اور اسلامی رہنماؤں کو فوری اقدامات کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ آج سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین اور لبنان سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانفرنس میں اسلامی ممالک کے رہنما مشرق وسطی کی صورتحال پر تجاویز پیش کریں گے۔ گذشتہ روز سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزارتی اجلاس کی صدارت کی، جس میں حکام نے تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا۔


































