
جنیوا : اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے بین الاقوامی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل درآمد کرے۔ وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ ریاستیں بین الاقوامی عدالت انصاف کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل کر کے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اسرائیل کو دیے جانے والے اسلحے کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں اسرائیل کو اسلحے کی منتقلی، لاجسٹکس اور مالی امداد کو بھی دیکھیں کہ ان کی وجہ سے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں کہاں کہاں اور کیسے مدد مل رہی ہے۔ جس کے نتیجے میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کی طرف سے یہ انتباہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم سے متعلق تازہ رپورٹ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔


































