
بیجنگ : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چین کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بیجنگ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو اہم قرار دیا ہے۔ عباس عراقچی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کے بعد چین کے ساتھ مشاورت کو کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے امن سے متعلق چار اصول علاقائی امن و استحکام کیلئے اہم ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں ابھرتے نئے نظام کی بنیاد علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور مکالمے پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے علاقائی نظام میں غیرملکی فوجی موجودگی یا مداخلت کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ عراقچی کا کہنا تھا وہ ایرانی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے تحفظ کے لیے خطے میں امن کی بحالی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ و پُرامن تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔


































