عزاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا
کراچی (نیوز ڈیسک) خطیب اہل بیت ؑ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے، شہر بھر میں بازار کھلے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک جام ہے، لیکن دشمنی کا مظاہرہ مولا علی ؑ کی شہادت کا دن منانے والے عزاداروں کے ساتھ کیا گیا ہے، تمام عزادار ایس او پیز کے تحت ہی مجالس و جلوس عزا برپا کر رہے تھے، اگر کہیں بھی کوئی بدنظمی کی صورتحال ہوئی تو اس کی وجہ خود حکومت سندھ تھی، کیونکہ حکومت ہر روز ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کر رہی تھی، جس کے نتیجے میں بے چینی کی فضا قائم رہی، کراچی میں گرفتار کئے گئے تمام عزاداروں کو کورٹ نے رہا کر دیا ہے، لیکن حیدر آباد، جیکب آباد اور اندورن سندھ میں ابھی تک عزادار رہا نہیں ہوئے ہیں ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اندورن سندھ میں عزاداروں پر قائم مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں اور روزے دار عزاداروں پر تشدد کے ذمہ دار افسران کو فوری طور پر برطرف کرکے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے، تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آئے،ان کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شناخت اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ کورونا کی آڑ میں ملت تشیع کو ان کے مراسم عزا سے روک لے گا تو وہ قطعی مغالطے میں ہے ۔


































