
نئی دہلی : بھارت کی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ نئی دہلی، کولکتہ، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں مرد و خواتین نے مظاہرے کیے۔ اس دوران بڑی تعداد میں خواتین نے برقعہ اور حجاب پہنا ہوا تھا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وہ اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک حکومت طلبہ کی توہین کرنا بند نہیں کردیتی۔ خیال رہے کہ کرناٹک میں کالجز طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کا معاملہ اب مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ ریاست میں مذہبی فسادات کے خدشے کے پیشِ نظر تمام کالجز کو پہلے ہی تین روز کے لیے بند کردیا ہے۔


































