
اسلام آباد: عام انتخابات میں تمام تر رکاوٹوں، مشکلات اور جبر کے باجود تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرلی۔ سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے سو کے قریب نشستیں جیت لیں جب کہ ن لیگ 66 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اسی طرح پی پی نے 50 ، ایم کیو ایم نے 15 نشستوں پر کامیابی سمیٹی، اسی طرح آئی پی پی نے 3، جے یو آئی اور مسلم لیگ ق نے دو، دو نشتیں حاصل کیں۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون نے 131 جبکہ آزاد امیدواروں نے 125 نشستیں جیتی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے دس اور پاکستان مسلم لیگ نے 8 نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔
سندھ میں پاکستانی پیپلزپارٹی نے 86 ایم کیو ایم نے 24۔ آزاد امیدواروں نے 14 نشستیوں پر کامیابی حاصل کی۔ جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کے بھی دو دو امیدوار کامیاب ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے جھاڑو پھیر دی اور 113 میں سے 90 سیٹیں جیت لیں۔ جے یو آئی کے 7۔ مسلم لیگ نون کے 5 اور پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے تین تین امیدوار کامیاب ہوئے۔ بلوچستان اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے 9۔ جے یو آئی اور مسلم لیگ نون نے آٹھ آٹھ۔ آزاد امیدواروں نے پانچ۔ بی این پی نے چار جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے دو نشستیں جیتیں۔


































