
لودھراں/بھکر: سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہر دور میں یزید ہوتے ہیں جو لوگوں پر خوف طاری کرکے انہیں غلام بناتے ہیں۔ حضرت امام حسین ؓکے سامنے یزیدکی فوج دیکھ کر خوف سے کوفہ کے لوگ نیوٹرل ہوگئے تھے۔ جس کا انہیں ہمیشہ پچھتاوا رہا۔ حق پر کھڑے بعض صحافیوں کی طرح یہ آپ کو بھی ڈرائیں گے مگر عوام نے خوف کے اس سب سے بڑے بت کو توڑنا ہے میر جعفر اور میر صادق نے ملکر غلاموں کو ہمارے سر پر مسلط کیا اور بند کمرے میں مجھے مارنے کی سازش کی گئی۔ لودھراں اور بھکر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کہتا ہے کہ ملک کرپشن کے باوجود ترقی کر جاتا ہے، یہ چور ہمیں کہہ رہے ہیں کہ چوری بری چیز نہیں ہے ۔ پنجاب کا غیرقانونی، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کہہ رہا ہے کہ بچوں چوری کوئی بری چیز نہیں ہے۔عمران خان نے کہاکہ شریف خاندان نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروض کیا، شرم نہیں آتی کہ آپ ان چوروں کے جوتے پالش کرتے ہو۔پوری دنیا میں جو بھی آپ کو ملے گا وہ دو لفظ کہے گا، چور اور غدار، قوم کا وہ حال ہونے جارہا ہے جو سری لنکا کا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سب کو پتہ ہے کہ مسٹر ایکس کون ہے، وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر غداری کررہا ہے، ہم نے ان کو دھاندلی کے باوجود ہرانا ہے۔ سندھ حکومت کو کڑی تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش نے ایک بار پھر سندھ میں زرداری خاندان کی 14 سالہ کرپٹ حکمرانی کو بے نقاب کر دیا ہے، یہ ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے، کراچی کو دی گئی رقم جعلی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ رقم دبئی کی جائیدادوں میں لگائی گئی، برائی کے اس گٹھ جوڑ کو اب ختم کیا جانا چاہیے۔


































