
لاہور : پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ الیکشن کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان کا امریکا مخالف بیانیہ کامیاب رہا۔ پنجاب کے 14 اضلاع کی 20 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہی۔ضمنی انتخابات میں 175 امیدواروں نے حصہ لیا۔ پی ٹی آئی نے لاہور کی تین، جھنگ کی 2، فیصل آباد، بھکر، مظفر گڑھ، شیخوپورہ، ملتان، ساہیوال، خوشاب، لودھراں، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کی نشستیں جیت لی ہیں جبکہ ن لیگ نے لاہور، بہاولنگر راولپنڈی اور مظفر گڑھ سے ایک ایک سیٹ حاصل کی ہے۔ وٹنگ ٹرن آوٹ 49.69 فیصد رہا۔ پاکستان تحریک انصاف 46.08 فیصد ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہی۔ مسلم لیگ ن نے 39.05 فیصد ووٹ حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ تحریک لبیک پاکستان 5 فیصد ووٹ حاصل کر سکی۔


































