تحریر: علی حیدر حیدری
انسان ایک با شرف و با فضیلت مخلوق ہے. اللہ تعالی نے انسان کو کرامت و شرافت سے نوازا ہے.اور بنی نوع انسان کے لئے نظام اقدار رائج کیا ہے.اقدار کی ایک طویل فہرست موجود ہے جن میں سے ہر ایک کا بڑا مقام اہمیت ہے.اقدار میں سے ایک اہم قدر "شکر” ہے. قرآن و حدیث کی روشنی میں شکر ایک اعلی قدر یے.(ش ک ر) کسی نعمت کے اظہار کو شکر کہتے ہیں، خواہ یہ اظہار منعم کی زبانی تعریف کے ذریعے ہو یا عملی سپاس کے ذریعے. دور حاضر میں حیات انسانی جن اقدار سے عاری ہے ان میں سے ایک اہم قدرشکر و شکر گزاری ہے.انفرادی واجتماعی زندگیاں خصلت شکر سے خالی ہیں.علماء نے شکر کی تین اقسام بیان کی ہیں.
شکر لسانی
شکرقلبی
شکر عملی
امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک حدیث اس کے بارے میں ذکر کی جاتی ہے:
شُکْرُ النِّعْمَۃِ اجْتِنَابُ الْمَحَارِمِ وَ تَمَامُ الشُّکْرِ قَوْلُ الرَّجُلِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ۔ (الکافی ۲: ۹۵ باب الشکر۔ بحار الانوار ۶۸ : ۴۰ باب الشکر)
حرام سے اجتناب کرنا نعمت کا شکر ہے اور الحمد للّٰہ رب العالمین کہنے سے شکر کی تکمیل ہوتی ہے۔ اس میں شکر عملی و شکر لسانی کا ذکر ہے.
قرآن مجید میں کئی مقامات پر شکر کرنے کی تاکید کی گئی ہے. نیز قرآن نے اس حقیقت کو بھی عیاں کیا ہے کہ شاکرین و شکر گزار بہت کم ہیں .وَ اشۡکُرُوۡا لِیۡ وَ لَا تَکۡفُرُوۡنِ شکر سے مراد اظہار نعمت ہے، خواہ زبان سے ہو یا عمل سے۔ اس کے مقابلے میں کفران نعمت ہے۔ یعنی چھپانا اور اظہار نہ کرنا۔ پس اللہ کی نعمتوں کے شکرکا مطلب یہ ہوا کہ ہر جگہ اور ہر عمل میں ان نعمتوں کا اظہار کرو۔
حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے:
شُکْرُ کُلِّ نِعْمَۃٍ اَلْوَرِعُ عَنْ مَا حَرَّمَ اللّٰہُ عَلَیْکَ۔ {بحار الانوار ۶۷ : ۳۱۰}
ہرنعمت کا شکر اللہ کی حرام کردہ چیزوں سے اجتناب برتنا ہے
بندے کے شکرکرنے سے اللہ کوکیا فائدہ پہنچتا ہے؟ جواب یہ ہے کہ اللہ کا شکر کرنے سے آخر کار خود شکرگزار کو ہی فائدہ پہنچتا ہے:
وَ مَنۡ یَّشۡکُرۡ فَاِنَّمَا یَشۡکُرُ لِنَفۡسِہٖ۔ {۳۱ لقمان : ۱۲}
جو شکر کرتا ہے وہ اپنے (فائدے کے) لیے شکر کرتا ہے۔
شکر کرنا اللہ تعالیٰ کے اخلا ق میں سے ہے۔ جیساکہ ارشاد قدرت ہے:
وَ کَانَ اللّٰہُ شَاکِرًا عَلِیۡمًا۔ {۴ نساء ۱۴۷}
اور اللہ بڑا قدردان، جاننے والا ہے۔ اسی لیے حکم ہے کہ
تَخَلَّقُوْا بِاَخْلَاقِ اللّٰہِ۔ { بحار الانوار ۵۸: ۱۲۹}
اپنے آپ کو خدائی اخلاق سے آراستہ کرو۔ شکر کے کئی آثار شاکر پر مرتب ہوتے ہیں . اس کے نتیجے میں قرب الہی کی نعمت میسر ہوتی ہے. قرآنی صراحت کے مطابق شاکر کو اللہ مزید نعمتوں سے نوازنے کا ذکر تاکید کے ساتھ ہوا ہے. ارشاد باری تعالی ہے.
لَئِنۡ شَکَرۡتُمۡ لَاَزِیۡدَنَّکُمۡ۔۔۔۔ (۱۴ ابراہیم: ۷)
اگر تم شکر کرو تو میں تمہیں ضرور زیادہ دوں گا۔ اس آیت میں شکر کا نتیجہ فراوانی نعمت کو قرار دیا ہے. شکر گزاروں کے لیے جزاء رب کا ذکر
کَذٰلِکَ نَجۡزِیۡ مَنۡ شَکَرَ
شکر گزاروں کو ہم ایسے ہی جزا دیتے ہیں۔ شکر گزاری ایسا قابل ستائش وصف ہے جسے اللہ بھی پسند کرتا ہے اور اللہ بڑا قدر دان ہے.
اِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ شَکُوۡرٌ (۴۲ شوری۔۲۳)
اللہ یقینا بڑا بخشنے والا، قدردان ہے۔ شکرگزاری بہت بلند مرتبہ اخلاق ہے۔ اس لیے اس مرتبے پر بہت کم لوگ فائز ہوتے ہیں۔
وَ قَلِیۡلٌ مِّنۡ عِبَادِیَ الشَّکُوۡرُ (۳۴ سباء۔۱۳)
اور میرے بندوں میں شکر کرنے والے کم ہیں۔ مفسریں کے مطابق ایمان و بندگی کا تقاضا یہ ہے کہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے.
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقۡنٰکُمۡ وَ اشۡکُرُوۡا لِلّٰہِ اِنۡ کُنۡتُمۡ اِیَّاہُ تَعۡبُدُوۡنَ﴿۱۷۲﴾
۱۷۲۔ اے ایمان والو! اگر تم صرف اللہ کی بندگی کرنے والے ہو تو ہماری عطا کردہ پاک روزی کھاؤ اور اللہ کا شکر کرو۔
شکر خالق کے نتیجے میں انسان ایک اعلی ذات سے اپنا ارتباط برقرار رکھتا ہے او یہ رابطہ تکامل انسانیت کے لیے انتہائی ضرروی ہے.اسی رابطے کے لزوم کا قرآن میں یوں ذکر ہے.
وَ لَا تَکُوۡنُوۡا کَالَّذِیۡنَ نَسُوا اللّٰہَ فَاَنۡسٰہُمۡ اَنۡفُسَہُمۡ ؕ اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡفٰسِقُوۡنَ﴿۱۹﴾
۱۹۔ اور ان لوگوں کی طرح نہ ہونا جنہوں نے اللہ کو بھلا دیا تو اللہ نے انہیں خود فراموشی میں مبتلا کر دیا، یہی لوگ فاسق ہیں۔
مفسر الکوثر فی تفسیر القرآن شیخ محسن نجفی اس آیہ کی تفسیر میں لکھتے ہیں.
جو لوگ اللہ کو بھول جاتے ہیں وہ اپنے آپ کو بھول جاتے ہیں۔ اس کا مفہوم یہ ہے کہ جو لوگ اللہ کو یاد رکھتے ہیں وہ اپنے آپ کو بھی یاد رکھتے ہیں۔ اس کا واضح مطلب یہ ہوا جو لوگ اللہ کو فراموش کر کے اس کی بندگی نہیں کرتے، اللہ کے احکام کی تعمیل نہیں کرتے، اللہ نے جن چیزوں سے روکا ہے ان سے نہیں رکتے، اللہ نے جو حدود قائم کی ہیں ان سے تجاوز کرتے ہیں، ایسے لوگ اپنی ذات کی پرواہ نہیں کر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے خود اپنے وجود کو صفحۂ فراموشی کے سپرد کر دیا ہے۔ انہیں اپنی ذات کی فکر نہیں ہے کہ ابدی عذاب میں مبتلا ہو جائیں گے۔ ان کی ابدی زندگی تباہ ہو جائے گی۔
جو ایک اللہ کی بندگی چھوڑتا ہے وہ کئی فریبی خداؤں کی بندگی کا شکار ہو جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں جو لوگ اللہ کو بھول جاتے ہیں ان کے دل اور وجدان مردہ ہو جاتے ہیں اور مردہ دل اپنا نفع نقصان نہیں سمجھتے۔
علماء نےکتب سیرت میں یہ واقعہ تحریر کیا ہے کہ خاتم المرسلین تاریکی شب میں بیدار ہوکرشکر رب بجا لاتے عبد شاکر بننے کے لیے. اولیاء خدا کے بارے میں محقیقین کا کہنا ہے کہ وہ ہر لمحہ,خوشی, غمی, نعمت کے ملنے کے وقت اور نعمت کے تلف ہوتے وقت الغرض ہر حال و ہر وقت شکر خدا بجا لاتے. حیات انسانی میں حصول سکون و اطمینان قلبی کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر حال میں رب اور محسنین کا شکر ادا کرے.
































