
کابل: افغانستان کی وزارت دفاع نے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر کہا ہے کہ افغانستان پر حملے کی صورت میں اسلام آباد خود نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں افغان وزارت دفاع نے لکھا کہ پاکستان کی قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی کو بھی حساس معاملات پر حساس بیانات جاری کرنے کی اجازت نہ دے۔ انہوں نے لکھاکہ کوئی بھی کسی بھی جواز کے تحت ہماری سرحد کی خلاف ورزی کرے گا وہ خود نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔
وزارت دفاع نے واضح کیا کہ اپنی سرزمین کو کسی اور ملک کے خلاف نہ استعمال ہونے کی اجازت دینا افغانستان کا اصولی مؤقف ہے۔ اس سے پہلے دوحہ میں طالبان کے رہنما سہیل شاہین نے خواجہ آصف کا افغانستان کے اندر کارروائی کا بیان غیر دانشمندانہ قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو افغانستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مہم جوئی کا ارادہ رکھنے والوں کو ماضی کے حملہ آوروں کی تاریخ کا اچھی طرح مطالعہ کرنا چاہیے اور ایسی مہم جوئی کے ممکنہ نتائج پر غور کرنا چاہیے۔


































