
دوحہ: قطری وزارت خارجہ کے ترجمان مجید الانصاری کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کو اپنی سکیورٹی کے لیے صرف امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ابوظہبی میں ایک فورم سے خطاب میں مجید الانصاری کا کہنا تھا کہ خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد انتہائی اہم ہیں، تاہم یہ کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ نے خلیجی ممالک کے لیے اس حقیقت کو مزید واضح کر دیا ہے۔
قطری ترجمان کے مطابق خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کے معاملے میں زیادہ خود کفیل ہونا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلیجی ممالک کو اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی ضرورت ہے، تاہم وہ اپنی سلامتی کے لیے صرف ان پر انحصار نہیں کر سکتے۔ الانصاری نے موجودہ صورتحال کو خطے کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے خلیجی ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ سکیورٹی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


































