
ماسکو : روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کی توہین ہرگز آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پیوٹن نے اپنی سالانہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی توہین مذہبی آزادی کی خلاف ورزی اور یہ مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ روسی صدر نے گزشتہ سال چارلی ہیبڈو کے دفاتر پر ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام(ص) کی توہین جیسے اقدامات انتہا پسندانہ انتقامی کارروائیوں کو جنم دیتے ہیں۔ پیوٹن نے نازیوں کی تصاویر کو ویب سائٹس پر پوسٹ کرنے پر بھی تنقید کی البتہ فنکارانہ آزادی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اپنی حدود ہیں اور اسے دوسروں کی آزادیوں کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ روس ایک کثیر النسلی اور کثیر الاعتقادی ریاست کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، اس لیے ہم روسی ایک دوسرے کی روایات کا احترام کرنے کے عادی ہیں۔تاہم انہوں نے اپنے حریف ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ دوسرے ممالک میں اس احترام کی سپلائی کم ہے۔


































