
غزہ : غزہ میں قحط کی صورتحال مزید خراب ہونے لگی۔ شمالی غزہ میں شہری چارہ اور پرندوں کا دانہ کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شمالی غزہ میں موجود تین لاکھ باشندے شدید غذائی بحران کا شکار ہیں۔ اور جانوروں کا چارہ اور پرندوں کا دانہ کھانے پر مجبور ہیں جن کا ذخیرہ بھی تیزی سے ختم ہورہا ہے۔اسرائیلی فوج کے مجوزہ رفح پر حملے کے منصوبے سے شمالی غزہ کا بحران مزید سنگین ہوجائے گا۔ غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے میں تیس فلسطینی شہید ہوگئے۔رفح پر حملے کی تیاریاں بھی جاری ہیں ۔اسرائیلی فوج اور حماس میں خان یونس کے علاقے میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔اسرائیلی فوج فضائیہ کے ذریعے عمارتوں کو تباہ کررہی ہے۔حماس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں تین اسرائیلی فوجی ہلاک کردیئے ہیں۔اسرائیلی وزیر نیتن یاہو نے فوج کو رفح پر حملے کی اجازت دے دی ہے اور جنگی کابینہ نے رفح سے فلسطینیوں کے انخلا اور حماس کے جنگجوؤں کے قتل کی منصوبہ بندی کا حکم دیا ہے۔رفح میں ایک اندازے کے مطابق سترہ لاکھ فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔وسطی اور شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے جس کی وجہ سے شدید سردی میں ان علاقوں میں کوئی محفوظ مقام موجود نہیں ہے۔مصر اور اردن نے فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک غزہ میں اٹھائیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


































