
واشنگٹن : امریکا نے چین کی سیکیورٹی سرگرمیوں سے خوفزدہ کرکے جاپان کو نئے دفاعی معاہدے پر رضامند کرلیا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ دونوں ممالک ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ و دفاع نے چین کی قوانین پر مبنی احکامات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے دفاعی خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون کو فروغ دینے کا عزم کیا ہے۔ ورچوئل بات چیت میں فریقین نے سیکیورٹی کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزراء نے خطے میں مل کر غیر مستحکم سرگرمیوں کو روکنے اور اگر ضرورت پڑی تو ان کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزرا کا کہنا ہے کہ انہیں چین کے شن جیانگ اور ہانگ کانگ کے علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات ہیں۔ بات چیت میں آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کی اہمیت کو واضح کیا گیا۔


































